پشاور : ہسپتالوں میں فنڈز نہ ہونے کے باعث کینسر کے مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی بند

پشاور کے تدریسی ہسپتالوں میں فنڈز نہ ہونے کے باعث کینسر کے مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی بند کر دی گئی۔

ہسپتال حکام کے مطابق اسپتالوں کو گزشتہ 6 ماہ سے کینسر کے علاج کیلئے فنڈز نہیں مل رہے ہیں۔ صوبہ بھر میں کینسر کے 8 ہزار مریض رجسٹرڈ ہیں۔

ہسپتال حکام کا کہنا ہے کہ ہسپتالوں کے پاس اتنے فنڈز نہیں کہ کینسر کے مریضوں کو مفت سہولیات دے سکیں۔

دوسری جانب مشیر صحت خیبر پختو نخوا ڈاکٹر ریاض انوار نے جیو نیوز کو بتایا کہ صوبے کی معاشی صورتحال کمزور ہے۔ رواں مالی سال کے بجٹ میں کینسر کے مریضوں کیلئے فنڈز مختص کیے جائیں گے جس کے بعد ہسپتالوں کو فنڈز کی فراہمی ممکن ہوسکے گی۔