سنی دیول کی مداحوں سے راکھی بندھواتے تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل

بالی ووڈ کے سینئر اداکار سنی دیول کی مداحوں سے راکھی بندھواتے ہوئے تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

ممبئی میں ایک ٹرسٹ کی جانب سے محروم بچوں، معذوروں اور کینسر کے مریضوں کے لیے فلم ’غدر 2‘ کی پرائیویٹ اسکریننگ کا انعقاد کیا گیا۔

اس پرائیویٹ اسکریننگ سے اداکار کی سوشل میڈیا پر کچھ تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہورہی ہیں جن میں اُنہیں اپنے مداحوں کے ساتھ رکشا بندھن کا تہوار مناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

دراصل، فلم ’غدر 2‘ کی باکس آفس پر شاندار کامیابی کے بعد فلم کے پروڈکشن ہاؤس نے فلمی شائقین کے لیے ایک منفرد پیکج کا اعلان کیا ہے۔

اس پیکج میں رکشا بندھن کے تہوار کے موقع 30 اگست کو فلم کے 2 ٹکٹ خریدنے پر 2 ٹکٹ بالکل مفت ملیں گے۔

یاد رہے کہ یہ خصوصی پیشکش صرف 29 اگست سے 3 ستمبر 2023ء تک کی محدود مدت کے لیے ہے۔