طوفان بائپر جوائےکے پیش نظر کیٹی بندر اور اطراف کے علاقوں سے 50 ہزار افراد کے انخلا کا منصوبہ ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سمندری طوفان کے پیش نظر سجاول کی ساحلی پٹی کا دورہ کیا اور سجاول، ٹھٹہ اور بدین کی ساحلی پٹی کا فضائی معائنہ کیا۔
اس موقع پرکمشنر حیدرآباد نے سمندری طوفان سے متعلق بریفنگ دی جس میں بتایا گیا کہ شاہ بندر، جاتی اور کیٹی بندر کے سمندر کے نزدیکی دیہات سے 50 ہزار افرادکا انخلا ہوگا،شاہ بندر کے جزیروں سے رات 2 ہزار افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے، بدین کے زیرو پوائنٹ کے گاؤں بھگڑا میمن سے بھی لوگوں کا انخلا کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ سمندری طوفان 15 جون کو ٹکرائےگا، جون 17 تا 18 طوفان کا اثرکم ہوجائےگا، شدت میں معمولی سی کمی کے باعث طوفان 13 یا 14 جون کے بجائے 15 جون کو ٹکرائے گا۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ طوفان ٹکرانے سے سمندر میں 4 تا 5 میٹر اونچی لہریں اٹھیں گی اور پانی بہت آگے آجائےگا۔