اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ایم کیو ایم پاکستان کے پر امن احتجاج پر سندھ پولیس کے تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا عندیہ دے دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم نے لکھا کہ ایم کیوایم کے بلدیاتی قانون کے خلاف پرامن مظاہرے پر سندھ پولیس کے تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ داخلہ، چیف سیکریٹری اور آئی جی سندھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
I have taken note of the violence used by Sindh police against MQM's peaceful protest against Sindh's LG law, & have called for a report from Interior Ministry, Sindh CS & Sindh IG. Will take necessary action against those responsible after receiving these reports.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) January 27, 2022
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ رپورٹ ملنے کے بعد ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے گزشتہ روز متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے بلدیاتی قانون کے خلاف وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنا دیا جس کے بعد پولیس نے شرکاء کو منتشر کرنے کے لیے ریلی پر شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا جس سے ایم کیو ایم رہنماؤں سمیت کئی کارکن زخمی ہوگئے، پولیس نے 2 خواتین سمیت متعدد کارکنوں کو حراست میں بھی لے لیا۔
دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس تشدد کی وجہ سے سابق ٹاؤن ناظم حنیف سورتی کی آنکھ ضائع ہوگئی اور رکن اسمبلی صداقت حسین انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج ہیں۔