کراچی میں تفریق اور منافرت کی سیاست کو نہ پھیلایا جائے:سعید غنی

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کراچی کے صدر سعید غنی کا کہنا ہے کہ کراچی میں تفریق اور منافرت کی سیاست کو نہ پھیلایا جائے۔

سعید غنی کا کہنا ہے کہ عمران خان اور حافظ نعیم الرحمان میں ہٹ دھرمی ہے۔

اُنہوں نے بلدیاتی انتخابات کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اس مرتبہ بھی حلقہ بندیاں الیکشن کمیشن نے کیں، حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حمایت کے بعد ان کی سیٹیں زیادہ ہیں۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ جب سے نتائج آئے ہیں ہم نے پی ٹی آئی سے کوئی بات نہیں کی۔

سعید غنی نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے 43 اراکین میں سے اکثریت جماعتِ اسلامی کو ووٹ دینے کے خلاف ہے۔

اُنہوں نے آڈیو لیک پر بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی امریکی کانگریس رکن کی منتیں کرنے کی آڈیو سامنے آئی ہے، اب عمران خان سے پوچھا جائے کہ وہ سائفر کہاں ہے۔

سعید غنی نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ آدمی اس ملک کے معاشرے، اداروں، سیاست اور عدالتوں کو تباہ کرنا چاہتا ہے۔

رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ جو سہولتیں لاڈلے کو مل رہی ہیں وہ کسی کو نہیں ملیں، جو کچھ ملک دشمن قوتیں چاہتی تھیں وہ سب آج عمران خان کر رہے ہیں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ حافظ نعیم الرحمٰن کے ہاتھ میں میئر کی لکیر نہیں تو ہم کیا کریں۔

اُنہوں نے دعویٰ کیا کہ جماعتِ اسلامی اپنے 86 ارکان پورے کر کے دکھا دے، پارٹی کے اندر بھی حافظ نعیم الرحمٰن کے رویے پر شدید تحفظات ہیں۔