یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے آپریشنز بند کرنے اور اثاثے و پراپرٹی حفاظتی تحویل میں لینے کی تیاری شروع

وفاقی حکومت نے یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے آپریشنز بند کرنے اور اثاثے و پراپرٹی حفاظتی تحویل میں لینے کی تیاری شروع کر دی۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے آپریشنز بند کرنے سے متعلق کمیٹی بنا دی ہے، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار 7 رکنی کمیٹی کے سربراہ ہوں گے، وزیر مملکت برائے خزانہ اور وزیر مملکت آئی ٹی کمیٹی کے ارکان میں شامل ہوں گے۔

ان کے علاوہ وفاقی سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری صنعت و پیداوار، سیکرٹری نج کاری اور سیکرٹری بی آئی ایس پی کمیٹی ارکان میں شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے کمیٹی کے لیے ٹی او آرز بھی طے کر لیے ہیں، کمیٹی یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے آپریشنز فوری بند کرنے کا طریقہ کار متعین کرے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی کارپوریشن کی پراپرٹی، اثاثوں کی حفاظت، مینٹیننس کے لیے انتظامات کا تعین کرے گی، ملازمین کو سر پلس پول میں شامل کرنے کے لیے انتظامات کا جائزہ بھی لے گی۔

اس کے علاوہ ملازمین کو دیگر حکومتی اداروں کی آسامیوں میں ضم کرنے کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق رمضان پیکیج کی فراہمی کے لیے بی آئی ایس پی کے ساتھ کوآرڈینیشن کی حکمتِ عملی بنائی جائے گی، کمیٹی کے لیے وزارت صنعت و پیداوار سیکٹیریل سپورٹ فراہم کرے گی، کمیٹی 7 روز کے اندر اپنی رپورٹ وفاقی کابینہ کو پیش کرے گی۔