وزیراعظم نے مزید ذمے داریاں سونپی ہیں: نجم سیٹھی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے مزید ذمے داریاں سونپی ہیں۔

پی سی بی پیٹرن ان چیف وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد جیو نیوز سے بات چیت میں نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ملاقات بڑے خوشگوار ماحول میں ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو 2014 کے کرکٹ آئین کی بحالی پر بریفنگ دی، وزیراعظم نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مزید ذمے داریاں سونپی ہیں۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ وزیراعظم چاہتے ہیں دنیا بھر میں پاکستانی کرکٹ ٹیم ہر شعبے میں بہترین ثابت ہو۔

چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کھلاڑیوں کو مزید سہولیات دینے سے متعلق ہدایات دی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ کرکٹ انفرااسٹرکچر پر کام کریں، کھلاڑیوں کو ملازمت کے مواقع فراہم کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ڈپارٹمنٹل کرکٹ کے ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ پی سی بی تمام ڈپارٹمنٹس کی سہولت کاری کرے۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں کو بھرتی کرکے کھیلنے کے مواقع دیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو انٹرنیشنل ٹیموں سے متعلق بھی بریفنگ دی، ایشیا کپ اور ورلڈ کپ سے متعلق بھی وزیراعظم کو اعتماد میں لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملاقات میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر احسن اقبال بھی موجود تھے۔