وزیراعظم شہباز شریف آج فاٹا یونیورسٹی کے فیز ون کا افتتاح کریں گے، وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا ٹویٹ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف آج پشاور کا دورہ کریں گے اور فاٹا یونیورسٹی کے فیز ون کا افتتاح کریں گے۔

منگل کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ فاٹا یونیورسٹی ضم شدہ اضلاع کی پہلی یونیورسٹی ہے جو فاٹا کے باصلاحیت نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کے عین مطابق اعلیٰ تعلیم فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ 1.5 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی اس یونیورسٹی کی بنیاد مسلم لیگ ن کی گزشتہ حکومت میں رکھی گئی تھی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیرِاعظم پشاور میں وزیرِاعظم یوتھ پروگرام کے تحت خیبر پختونخوا کے باصلاحیت نوجوانوں میں لیپ ٹاپس بھی تقسیم کریں گے۔