وزیراعظم شہباز شریف کی ایم ڈی آئی ایم ایف سےملاقات

وزیراعظم شہباز شریف کی ایم ڈی آئی ایم ایف سے فرانس میں ملاقات ہوئی ہے جس میں پاک آئی ایم ایف جاری پروگرام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم کی ایم ڈی آئی ایم ایف سے ملاقات دورہ فرانس میں عالمی مالیاتی کانفرنس کی سائیڈ لائن پر ہوئی۔

اس موقع پر پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان تعاون پر بھی بات چیت کی گئی اور وزیراعظم نے 27 مئی کو ہونے والے ٹیلی فونک رابطے کا بھی ذکر کیا۔

وزیراعظم نے معاشی استحکام اور بہتری کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے ایم ڈی آئی ایم ایف کو آگاہ کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ نویں جائزہ کے لیے تمام پیشگی اقدامات کر لیے ہیں، امید ہے پاکستان کے لیے مختلف فنڈز جلد جاری کر دیے جائیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی تکمیل کے لیے پُرعزم ہے، معاہدے کی تکمیل سے معاشی استحکام میں مدد ملے گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ فنڈز کے اجرا سے پاکستان کے معاشی استحکام اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی کوششوں کو مدد ملے گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومتِ پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے کرے گی، آئی ایم ایف فنڈز سے پاکستان کو ریلیف بھی ملے گا۔

اس موقع پر عالمی مالیاتی ادارے کی ڈائریکٹر نے وزیراعظم کو آئی ایم ایف کے ادارہ جاتی سطح پر کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔

آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ یہ ملاقات تعطل کے شکار آئی ایم ایف پروگرام کو مؤثر بنانے میں مدد دے گی۔

ملاقات میں وفاقی وزراء شیری رحمٰن، ایاز صادق، مریم اورنگزیب اور وزیرِ مملکت عائشہ غوث پاشا بھی موجود تھیں۔