وزیراعظم 25 مئی کو یوم تکریم شہدا پر عام تعطیل کا اعلان کریں، محسن نقوی

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم سے درخواست ہے کہ وہ 25 مئی کو یوم تکریم شہداء پر عام تعطیل کا اعلان کریں تاکہ پوری قوم مسلح افواج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداء کو بھرپور طریقے سے خراج تحسین پیش کر سکے جنہوں نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا تاکہ قوم باعزت اور پرامن زندگی گزار سکے ۔

ادھر نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیر اعلٰی آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں سانحہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث شرپسندوں کے خلاف قانونی کارروائیوں پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیا-محسن نقوی نے کہا کہ 9مئی پاکستان کی تاریخ میں سیاہ ترین دن کی حیثیت سے یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے ہدایت کی کہ نامزدشرپسندوں کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے اور تمام کیسز کی پیشہ ورانہ انداز سے تفتیش کو آگے بڑھایا جائے ۔نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان واقعات میں ملوث ایک بھی شرپسند قانون کے مطابق کڑی سزا سے نہیں بچنا چاہیے ۔اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کسی بے گناہ کاٹرائل نہ ہو۔پولیس اورپراسیکیوشن بہترین کوآرڈینیشن کے ساتھ کیسوں کی پیروی کریں۔محسن نقوی نے کہا کہ جناح ہاؤس اورعسکری مقامات پر حملہ کرنے والے قانون کے مطابق قرار واقعی سزاسے نہیں بچ پائیں گے ۔

اجلاس میں انسپکٹرجنرل پولیس نے شرپسندوں کی گرفتاریوں،شناخت،تفتیش اورمقدمات پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ادھرنگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن وہاڑی و لودھراں کے وفودنے ملاقات کی-بار ایسوسی ایشنزکے عہدیداروں نے وکلاء برادری کو درپیش مسائل اور ضروریات سے آگاہ کیا-محسن نقوی نے وکلاء برادری کے مسائل اور ضروریات ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور ملتان میں ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن آڈیٹوریم میں نشستوں اور ائیر کنڈیشن سسٹم کے لئے ڈپٹی کمشنر کو فوری اقدامات کاحکم دیااورملتان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے لیڈیز بار روم کی توسیع او رڈے کیئر سنٹر کے قیام کیلئے پلان طلب کر لیا -محسن نقوی نے کہا کہ ملتان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے ایگزیکٹو روم کی تعمیر و توسیع کی جائے گی اورملتان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سکیورٹی ایشوز کو حل کیا جائے گا۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بار ایسوسی ایشن میں بکس کی فراہمی اورغیر ملکی لاء،لائبریریوں کے سبسکرپشن کے لئے مالی معاونت فراہم کرنے کا اعلان کیا۔لودھراں اوروہاڑی بار ایسوسی ایشنز کی چار دیواری، ٹف ٹائلز کا کام ترجیحاً مکمل کرنے کی ہدایت کی جبکہ وکلاء کالونی کے امور کاجائزہ لینے کیلئے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اورڈپٹی کمشنر سے رپورٹ طلب کرلی-نگران وزیر اعلٰی نے بار ایسوسی ایشنز کی لائبریریو ں اور دیگر امور کیلئے مالی معاونت کی بھی منظوری دی اور وہاڑی بارایسوسی ایشن میں فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب کیلئے ڈپٹی کمشنر کو فوری اقدامات کا حکم دیا- محسن نقوی نے کہا کہ وکلاء برادری کیلئے تعلیم و صحت کی بہترین سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

میرے دروازے آپ کے لیے ہمہ وقت کھلے ہیں اوروکلاء کے اجتماعی مسائل حل کرنے کیلئے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایات جاری کردی ہیں۔ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے وفد میں صدر رانا آصف سعید،جنرل سیکرٹری مہرحسیب قادر، نائب صدر رابعہ منال، لائبریری سیکرٹری مہرالنساء، ملک الیاس لنگڑیال، رانا عمیق رحمن، طارق مصطفی، میمونہ نقوی، سارہ سیموئیل، نگینہ مظفر، شہزاد سیال، ملک یوسف آرائیں، سید عمران کاظمی، جاوید سیال، ساجدمیرانی، رانا عمران، فرزانہ کوثر اورمبشر شاہد شامل تھے ۔نگران پنجاب حکومت میں ایل ڈی اے گورننگ باڈی کا پہلا اجلاس ہوا،اجلاس کی صدارت وزیر اعلیٰ پنجاب نے بطور چیئرمین ایل ڈی اے کی۔ ذرائع کے مطابق ایل ڈی اے کے شعبہ ٹاؤن پلاننگ کے تین ایجنڈا آئٹمز کی منظوری نہ ہوسکی۔چیف ٹاؤن پلانر نے ایل ڈی اے گورننگ باڈی کو پانچ ایجنڈا آئٹمز پیش کیے ۔ گورننگ باڈی نے دو منظور اور تین ایجنڈا آئٹمز کو آئندہ اجلاس میں ترمیم کے ساتھ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ہائیکورٹ کے احکامات پر ایل ڈی اے میں چیف ہیٹ آفیسر و انوائرمنٹل کنسلٹنٹ تعینات کرنے کا حکم دیا۔ ایل ڈی اے گورننگ باڈی نے ورکنگ پیپر میں مزید ترمیم کرنے کی ہدایت کر دی۔ایل ڈی اے بلڈنگ ریگولیشنز 2019 میں ترمیم کا ایجنڈا بھی پیش کیا گیا. بلڈنگ ریگولیشنز میں مزید ترمیم کے لیے شعبہ ٹاؤن پلاننگ کو ورکنگ کرنے کی ہدایت دی گئی۔ایل ڈی اے کا اکبر چوک کی ری ماڈلنگ کا منصوبہ بھی گورننگ باڈی نے منظور کر دیا۔ اکبر چوک کے نئے ڈیزائن اور ریوائزڈ پی سی ون کی منظوری گورننگ باڈی سے لے لی گئی۔ رواں برس گورننگ باڈی کے دوسرے اجلاس میں ریوائزڈ پی سی ون کی منظوری لی گئی۔ منصوبہ بروقت شروع نہ ہونے اور ڈیزائن میں تبدیلی سے لاگت میں اضافہ ہوا. ماضی میں منصوبے کی تعمیر کے لیے تین ارب 10 کروڑ 10 لاکھ کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔ اکبر چوک ری ماڈلنگ منصوبے کی لاگت 4 ارب 90 کروڑ روپے تک جا پہنچی۔مولانا شوکت علی روڈ سگنل فری کوریڈور پر چار پروٹیکٹڈ یوٹرن بنائے جائیں گے ترمیم شدہ ڈیزائن میں انڈر پاس ختم کرکے دو طرفہ فلائی اوور شامل کیا گیا ہے ۔نئے ڈیزائن میں چار پوائنٹس کی ری ماڈلنگ بھی تجویز کی گئی ہے ،شوق چوک کی ری ماڈلنگ کرکے چوک کو سگنل فری کیا جائے گا ۔