وزیرِ اعظم اپنی ترقی کی تعریف درست کر لیں:شیخ وقاص اکرم

پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم اپنی ترقی کی تعریف درست کر لیں۔

’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ جس ملک سے 1 سال میں 18 لاکھ لوگ باہر چلے جائیں وہ کیسے ترقی کر رہا ہے؟ عالمی سطح پر ہماری جگ ہنسائی ہو رہی ہے۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ پاکستان کو حقیقی جمہوری قوتوں کی ضرورت ہے، امریکی صدر کی تقریبِ حلف برداری میں پاکستانی وزراء کی شرکت اور برتاؤ سے اندازہ ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ چوری کر کے فارم 47 کی حکومت بنانے والے ہی مذاکرات سے گریز کرتے ہیں، مذاکرات کے شروع سے ہی حکومت کا رویہ منافقانہ تھا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ایک ملاقات کروانے کے لیے حکومت کو ہفتے لگ گئے، اس سے حکومت کی بے بسی صاف ظاہر ہوتی ہے، جب تک حقیقی نمائندگی نہ ہو ملکی معیشت ترقی نہیں کر سکتی۔

شیخ وقاص اکرم نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کو حقیقی آزادی کی جدوجہد کے لیے کسی کی اجازت کی ضرورت نہیں، جو بھی ہمیں حقیقی آزادی کی جدوجہد سے روکتا ہے وہ ملک کا دشمن ہے۔