وزیراعظم کا اسٹیٹ بینک1 ارب ڈالر ڈپازٹ کرانے پر یواےای کے صدر کا شکریہ

وزیراعظم شہباز شریف نے اسٹیٹ بینک میں1 ارب ڈالر ڈپازٹ کرانے پر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید ال نہیان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

وزیراعظم نے شیخ محمد بن زاید ال نہیان کو ٹیلیفون کر کے یہ بھی کہا کہ یو اے ای نے مشکل وقت میں بروقت مدد کی جس سے آئی ایم ایف کا اسٹینڈ بائی ایگریمنٹ طے کرنے میں بڑی مدد ملی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور سیاسی قیادت یو اے ای کی اس خیر سگالی کا شکریہ ادا کرتے ہیں، آپ نے ذاتی دلچسپی لے کر پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے میں مدد کی۔

وزیراعظم نے یو اے ای کے صدر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس کا شکریہ ادا کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں۔

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید ال نہیان نے شہباز شریف سے کہا کہ یو اے ای اور پاکستان کے قریبی دوستانہ اور برادرانہ تعلقات استوار ہیں۔ برادر پاکستان کی مدد کرنا ہمارے ملک کی ذمے داری تھی۔

یو اے ای کے صدر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف شاندار قائدانہ صلاحیتوں کے مالک ہیں، مجھے اعتماد ہے کہ شہباز شریف پاکستان میں ایک بڑی تبدیلی لائیں گے۔

اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ ہماری حکومت نے بامعنی اصلاحات کی ہیں، اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کی تشکیل کا محور ہول آف دی گورنمنٹ اپروچ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ادارہ جاتی سطح پر انتظام نے پاکستان کی معیشت کو ٹھوس معاشی روڈ میپ دیا ہے، غیرملکی سرمایہ کاری کو ہر قدم پر سہولت دیں گے۔

شہباز شریف سے گفتگو کے دوران یو اے ای کے صدر نے کہا کہ پاکستان کے لیے سرمایہ کاری روڈ میپ کے بارے میں سن کر خوشی ہوئی، پُر اعتماد ہوں کہ پاکستان معاشی طور پر قابل ذکر ترقی کرے گا۔

اس حوالے سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے یو اے ای کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی جو انہوں نے قبول کرلی۔