پریانکا چوپڑا اور کترینہ کیف کی فلم ’جی لے ذرا‘ چھوڑنے کی خبروں کی تردید

بھارتی فلمساز ریما کاگتی نے اداکارہ پریانکا چوپڑا اور کترینہ کیف کے فلم ’جی لے ذرا‘ چھوڑنے کے حوالے سے پھیلی خبروں کی تردید کردی ہے۔

ریما کاگتی اپنے فلمی بینر ٹائیگر بیبی فلمز کے تحت فلم ’جی لے ذرا‘ کی شریک پروڈیوسر ہیں۔

اُنہوں نے حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو کے دوران پریانکا چوپڑا اور کترینہ کیف کے فلم کو چھوڑنے کے بارے میں پھیلی تمام خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اس فلم کی شوٹنگ جلد ہی اپنی اصل کاسٹ کے ساتھ شروع ہو گی۔

واضح رہے کہ اس فلم کے بارے میں ابتداء میں یہ کہا گیا تھا کہ فلم میں پریانکا چوپڑا، کترینہ کیف اور عالیہ بھٹ ایک ساتھ مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گی۔

بعد ازاں، عالیہ بھٹ کے حاملہ ہونے کی وجہ سے اس فلم کی شوٹنگ تاخیر کا شکار ہوگئی اور پھر اداکاراؤں کے مصروف شیڈول کی وجہ سے اس فلم کی شوٹنگ کے لیے نئے شیڈول کو تیار کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا۔

اس وجہ سے بھارتی میڈیا پر یہ خبریں گردش کرنے لگیں تھیں کہ کترینہ کیف اور پریانکا چوپڑا نے اس فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا ہے۔