دو دریا سے لے کر پورٹ قاسم تک فیری سروس متعارف کروانے کی تجویز

ایک جاپانی کمپنی نے کراچی کے دو دریا سے لے کر پورٹ قاسم تک فیری سروس متعارف کروانے کی تجویز پیش کی ہے جوکہ یقیناََ شہریوں کے لیے ایک خوشی کی خبر ہے۔

جاپانی کمپنی نے یہ تجویز وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ اور یاماہا جاپان کے سینئر جنرل منیجر برائے وسطی ایشیا اور مشرق وسطیٰ یوشیوکی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پیش کی ہے۔

وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق، یوشیوکی نے صوبہ سندھ کے مختلف بیراجوں اور جھیلوں پر پانی کے کھیلوں کی سہولیات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا، جس میں دو دریا سے لے کر پورٹ قاسم تک فیری سروس کا آغاز بھی شامل ہے۔

مراد علی شاہ کاکہنا ہے کہ یاماہا پاکستان کے تعاون سے کینجھر، گڈو، سکھر اور کوٹری بیراج پر پانی کے کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کی بہت اچھی گنجائش ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ سہولیات نجی شعبے کی مدد سے قائم کی جا سکتی ہیں۔

یوشیوکی نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ فیری سروس ٹرانسپورٹ اور تفریح ​​دونوں طرح کی سہولیات کے لیے قائم کی جا سکتی ہے۔