اپنے ہی لوگوں کو مارنے پر اسرائیلی فوج کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

غزہ میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں اسرائیلی مغویوں کی ہلاکت کے خلاف اسرائیل میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق واقعے کے خلاف اسرائیلی مغویوں کے اہلخانہ نے تل ابیب میں کریا کے فوجی اڈے کے سامنے احتجاج کیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ میں حماس کی قید میں موجود اپنے ہی 3 ساتھیوں کو غلطی سے ہلاک کرنے کا اعتراف کیا تھا۔

صہیونی فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ غزہ کے علاقے شجاعیہ میں لڑائی کے دوران 3 قیدیوں کو خطرہ سمجھ کر ہلاک کردیا گیا تھا۔

دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی فورسز کی جارحیت جاری ہے اور 7 اکتوبر سے جاری نسل کشی میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 18ہزار 900 تک جا پہنچی ہے جبکہ زخمی فلسطینیوں کی تعداد 55 ہزار سے بھی بڑھ گئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق غزہ میں فلسطینی مزاحمت کاروں سے جھڑپوں کے دوران ایک اور اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گیا، ہلاک اسرائیلی فوجیوں کی مجموعی تعداد 116 ہو گئی ہے۔