ڈاکٹرز اور ہیلتھ ورکرز کی گرفتاریوں کے خلاف سندھ کے مختلف شہروں میں احتجاج جاری

کراچی میں ڈاکٹرز اور ہیلتھ ورکرز کی گرفتاریوں کے خلاف سندھ کے مختلف شہروں میں احتجاج جاری ہے۔

حیدرآباد میں مظاہرین نے گورنمنٹ اسپتال پریٹ آباد کے سامنے ٹائر جلا کر سڑک بلاک کر دی۔

چیئرمین گرینڈ الائنس کے مطابق نوابشاہ میں گرفتار رہنماؤں کی رہائی تک احتجاج جاری رہے گا، اسپتالوں میں اوپی ڈی کابائیکاٹ ہے جبکہ ایمرجنسی سروس جاری ہے۔

گرینڈ ہیلتھ الائنس کا کہنا ہے کہ گرفتار رہنماؤں کی رہائی کے لیے عدالت سے رجوع کیاہے، ہیلتھ رسک الاؤنس کے نوٹیفکیشن تک دھرنا جاری رہے گا، سندھ بھر کے سرکاری اسپتالوں میں آج بھی او پی ڈی سروس معطل ہے۔

اس کے علاوہ سکھر میں سول اسپتال میں ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی ہڑتال جاری ہے۔ سول اسپتال میں او پی ڈی کے بعد ایمرجنسی کا بھی بائیکاٹ ہے جس سے مریض مشکلات کا شکار ہیں۔

لاڑکانہ میں وارڈز میں پیرامیڈکس کی ہڑتال کے باعث بیشتر مریض نجی اسپتال یا کلینک جانے پر مجبور ہیں۔

ٹھٹھہ کے سول اسپتال کے احاطے میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کا احتجاجی مظاہرہ جاری ہے،مظاہرین کی جانب سے گرفتار ملازمین کی فوری رہائی اور ذمہ داروں کےخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔