سوشل میڈیا پر اعتراضات، بی جے پی رہنما یشپال بینام کو مسلمان لڑکے سے بیٹی کی شادی منسوخ کرنی پڑگئی

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما یشپال بینام نے ہفتے کو اپنی بیٹی کی بھارتی ریاست اتر اکھنڈ کے پاؤری گڑہوال میں ایک مسلمان لڑکے سے ہونے والی شادی دولہا کے گھر والوں کے ساتھ باہمی رضا مندی سے منسوخ کردی۔

بتایا جاتا ہے کہ ایسا اس وقت کیا گیا جب شادی کا دعوت نامے والا کارڈ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا اور اس کے نتیجے میں تنازع پیدا ہوگیا۔

یشپال بینام نے اس سلسلے میں ہفتے کو میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ شادی دونوں خاندانوں کی رضا مندی سے طے ہوئی تھی، لیکن چند معاملات سامنے آنے کے بعد اسے منسوخ کیا گیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نہیں چاہتا کہ میری بیٹی کی شادی پولیس اور انتظامیہ کی حفاظت میں ہو، میں عوامی جذبات کا احترام کرتا ہوں۔ شادی کی یہ تقریب 28 مئی کو ہونی تھی۔