قطر کا چین کو 27 برس تک قدرتی گیس فراہم کرنے کا معاہدہ

قطر نے چین کی نیشنل پیٹرولیم کارپوریشن کے ساتھ معاہدہ کیا ہے جس کے تحت وہ چین کو 27 برس تک قدرتی گیس فراہم کرے گا۔

قطر کے وزیر توانائی سعد الکعبی کا کہنا تھا کہ قطر اپنے نارتھ فیلڈ ایسٹ ایکسپینشن پروجیکٹ سے چین کو سالانہ 40 لاکھ ٹن قدرتی گیس فراہم کرے گا۔

معاہدے پر دستخط کی تقریب دوحہ میں منعقد ہوئی، ایسا ہی ایک معاہدہ قطر نے چین کی کمپنی سائنوپیک کے ساتھ بھی کیا ہے۔

وزیر توانائی نے کہا کہ چین کے ساتھ یہ دوسرا ایل این جی فروخت معاہدہ ہے۔

ایل این جی انڈسٹری میں یہ دو معاہدے اب تک سے سب سے طویل المدت ہیں۔

نارتھ فیلڈ سے گیس نکالنے کے عمل کو مزید وسعت دے کر قطر نے اپنی ایل این جی پیداوار میں 60 فیصد اضافہ کیا ہے جو 2027 تک 12 کروڑ 60 لاکھ ٹن سالانہ ہوجائے گی۔

نارتھ فیلڈ دنیا کے سب سے بڑے قدرتی گیس کے ذخائر ہیں جو خلیج سے شروع ہوکر ایرانی علاقوں تک جاتے ہیں۔

قطر کی گیس کے بڑے خریدار ایشیائی ممالک ہیں لیکن پچھلے برس یوکرین پر روسی قبضے کے بعد یورپی ممالک بھی قطر سے گیس خرید رہے ہیں۔