گزشتہ دنوں سوشل میڈیا اسٹار و یوٹیوبر رحیم پردیسی اور اداکار فیروز خان کے درمیان باکسنگ میچ ہوا جس میں رحیم نے فیروز کو مات دے دی۔
اس میچ کے بعد سوشل میڈیا پر تاحال متعدد ویڈیوز وائرل ہیں جن میں فیروز اور رحیم کو باکسنگ کلچر عام کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
دوسری جانب گزشتہ روز اداکار فیروز خان نے ہارنے کے بعد اپنا پہلا ویڈیو بیان انسٹاگرام اسٹوریز پر شیئر کیا تھا۔
اس ویڈیو پیغام میں اداکار نے اپنے ہارنے کی وجہ ججز میں سے ایک جج کے تعصبانہ رویے کو ٹھہرایا تھا۔
بعد ازاں سوشل میڈیا پر رحیم پردیسی کے جیت کے بعد دیے گئے بیان میں سے ایک مختصر سا کلپ وائرل ہو گیا ہے۔
اس کلپ میں رحیم پردیسی کو فیروز خان کو ان کے گزشتہ تنازع پر طنز کا نشانہ بناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
رحیم پردیسی کا مزاحیہ انداز میں کہنا ہے کہ غیر متوقع طور پر فیروز خان نے بہت اچھا کھیلا، وہ کیوں ہار گئے مجھے یہ نہیں معلوم، ہو سکتا ہے کہ ’پانی گرم نہیں آ رہا تھا‘، یہ کہنے کے بعد رحیم پردیسی خود ہی ہنس پڑے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پریس کانفرنس میں ڈھائی گھنٹے تاخیر سے پہنچنے پر اداکار فیروز خان اور خاتون صحافی کے درمیان تلخ کلامی ہو گئی تھی۔
فیروز خان نے تاخیر سے پہنچنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ دراصل ’میرے گھر میں گرم پانی نہیں آ رہا تھا۔‘
خاتون صحافی نے یہ وجہ قبول نہیں کی اور کہا کہ یہ کوئی مذاق کی بات نہیں ہے، کسی کو ڈھائی گھنٹے انتظار کروانا کسی صورت صحیح نہیں۔
سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے بھی فیروز خان کو غیر پیشہ ورانہ رویے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔