گال میں بارش، تیسرے روز کے کھیل کے آغاز میں تاخیر کا امکان

گال میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کے کھیل کے آغاز میں تاخیر کا امکان ہے۔

گال ٹیسٹ کا پہلا اور دوسرا روز بھی بارش سے متاثر ہوا تھا۔

واضح رہے کہ ابتدا میں جلد وکٹیں گنوانے کے باوجود سری لنکن ٹیم نے پہلی اننگز میں بورڈ پر 312 کا ٹوٹل سجایا۔

میزبان ٹیم کی جانب سے دھننجایا ڈی سلوا 122 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔

سری لنکا کے اینجلو میتھیوز نے 64 اور سدیرا سماراوکرما نے 36 رنز بنائے۔

پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ آغا سلمان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

قومی ٹیم کے 5 کھلاڑی 101 رنز پر پویلین لوٹ گئے تھے تاہم آغا سلمان اور سعود شکیل ڈٹ گئے اور پاکستان نے دوسرے روز کے اختتام پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنا لیے ہیں۔

آغا سلمان اور سعود شکیل بالترتیب 61 اور 69 رنز کے ساتھ تیسرے روز کے کھیل کا آغاز کریں گے، پاکستان کو سری لنکا کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 91 رنز درکار ہیں۔