رضوان سلہریا کے اعزاز میں”پہچان “کا ظہرانہ

برطانیہ میں مقیم معروف وکیل اور کاروباری شخصیت رضوان سلہریا کے اعزاز میں صحافیوں اور ایڈیٹرز کے پلیٹ فارم ”پہچان“کے ظہرانہ میں نذیرچوہدری ملٹی میڈیا ہیڈ اُردو پوائنٹ ،اشرف سہیل گروپ ایڈیٹر روزنامہ مشرق،عامر ہاشم خاکوانی میگزین ایڈیٹر و کالم نگار روزنامہ 92 نیوز ، ذبیح اللہ بلگن ایڈیٹر روزنامہ پوسٹ مارٹم اور ضیاء الحق نقشبندی کالم نگار روزنامہ جنگ ،صدر الامین اکیڈمی شامل تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رضوان سلہریا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں وکلاء اور ججز کو بین الاقوامی سطح پر کورسز کروانے چاہئیں تاکہ وہ عالمی برادی میں رائج طریقہ انصاف سے استفادہ کر سکیں ۔ انہوں نے کہا عدالتوں میں ہونے والی والی سالانہ چھٹیوں کا خاتمہ ہونا چاہئے تاکہ زیر التوا مقدمات کو جلد نبٹایا جاسکے ۔

ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں قانون کی حکمرانی ہے یہی وجہ ہے کہ وہاں عام شہری خود کو محفوظ تصور کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا برطانیہ میں عدالتیں خودمختار ہیں وہاں کسی قسم کی مداخلت کا کوئی سوچ بھی نہیں سکتا ۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان میں بھی عدالتوں کو خود مختار کیا جائے اور ہر قسم کی مداخلت کا خاتمہ کیا جائے ۔ رضوان سلہریا کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں ہونے والے انتخابات میں لیبر پارٹی کی فتح سے ملک میں بہت ساری مثبت تبدیلیاں رونما ہوں گی ۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں لیبر پارٹی جب بھی اقتدار میں آئی اس نے عوامی فلاح و بہبود کیلئے نمایاں اقدام کیے ہیں ۔ آخر میں رضوان سلہریا نے “پہچان” کا شکریہ ادا کیا اور معزز اراکین کو دورہ برطانیہ کی دعوت دی