عمران خان کو پارٹی چئیرمین کےعہدے سے ہٹانےکی درخواست پر چیف جسٹس سے لارجر بینچ بنانے کی سفارش

لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کو چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے عہدے سے ہٹانے کی درخواست پر چیف جسٹس سے لارجر بینچ بنانے کی سفارش کر دی۔

عمران خان کو چئیرمین تحریک انصاف کے عہدے سے ہٹانےکے لیے دائر درخواست پر سماعت لاہور ہائیکورٹ میں ہوئی۔

جسٹس محمد ساجد محمود سیٹھی نے محمد آفاق کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن، عمران خان اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ عمران خان این اے 95 سے نااہل قرار دیے جا چکے، الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد عمران خان نا اہل ہو چکے اس لیے عمران خان پارٹی چیئرمین شپ کا استحقاق بھی نہیں رکھتے، عمران خان کو پارٹی چیئرمین کے عہدے سے ہٹانےکا حکم دیا جائے۔

عدالت نے درخواست پر لارجر بینچ بنانے کی سفارش کے ساتھ فائل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوا دی۔

عدالت کی جانب سے ایک ہی نوعیت کے 2 کیسز پر لارجر بینچ بنانے کی سفارش کی گئی ہے جبکہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل مرزا نصر احمد نے جواب جمع کروانے کے لیے مہلت طلب کر لی ہے۔