اساتذہ بھرتی، بدعنوانی پر ڈائریکٹر اسکولز ایجوکشن برطرف کرنیکی سفارش

آئی بی اے پاس اساتذہ کی بھرتیوں میں بدعنوانی کے معاملے پر قائم تحقیقاتی کمیٹی نے رپورٹ پیش کردی ہے جس میں ڈائریکٹر اسکولز ایجوکیشن سیکنڈری کو برطرف کرنے کی سفارش کی گئی ہے ، ڈی ای اوز اور ٹی ای او کو صرف متنبہ کیا گیا ہے جبکہ تین ملازمین کی ترقی پر 2سال کی پابندی کی سفارش کی گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کے سیکرٹری تعلیم کی جانب سے قائم تحقیقاتی کمیٹی نے محکمہ تعلیم کے ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن سیکنڈری کو حالیہ آئی بی اے ٹیسٹ پاس اساتذہ کی بھرتیوں میں بدعنوانی کرنے پر ملازمت سے برطرف کرنے کی سفارش کردی۔ محکمہ تعلیم میرپورخاص میں حالیہ آئی بی اے ٹیسٹ پاس بھرتیوں میں ہونیوالی سنگین بے قاعدگیوں کے بڑے اسکینڈل کو بے نقاب کرنے پر سیکرٹری تعلیم سندھ غلام اکبر لغاری کی جانب سے قائم سیکرٹری بورڈز اور جامعات سندھ مرید علی راحموں کی سربراہی میں بنائی گئی تحقیقاتی کمیٹی نے رپورٹ پیش کردی۔ رپورٹ میں ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کو ملازمت سے برطرف کرنے کا کہا گیا ہے ۔ تاہم سابق ڈی ای او سیکنڈری ، ڈی ای او پرائمری اور ٹی ای او پرائمری کو صرف متنبہ کیا گیا ہے جبکہ ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن دفتر کے تین ملازمین اسسٹنٹ عبدالستار، اسسٹنٹ مہرومل اور جونیئر کلرک منظور بجیر کو ملنے والی محکمانہ ترقی پر دو سال کی پابندی عائد کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔