بھارتی تحقیقاتی ایجنسی کی یاسین ملک کو سزائے موت دینے کی استدعا

بھارتی تحقیقاتی ایجنسی نے عدالت سے حریت رہنما یاسین ملک کو سزائے موت دینے کی استدعا کر دی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نئی دہلی ہائی کورٹ نے سزائے موت پر لاء کمیشن کی سفارشات بھی طلب کی ہیں۔

حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے بھارتی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کی عدالت میں استدعا کی سخت مذمت کی ہے۔

حریت رہنما کا کہنا ہے کہ مودی حکومت 2024 کے انتخابات جیتنے کے لیے یاسین ملک کو مارنا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ این آئی اے کا اقدام کشمیری قیادت ختم کرنے کا سوچا سمجھا منصوبہ ہے، انسانی حقوق کی تنظیمیں یاسین ملک کے خلاف اقدام کا سخت نوٹس لیں۔

حریت رہنما نے کہا کہ یاسین ملک پر دہشت گردوں کی فنڈنگ کا جھوٹا مقدمہ بنایا گیا ہے۔