روز ویلٹ ہوٹل نیویارک ایڈمنسٹریشن کو 3 سال کے لیے لیز پر دے دیا:سعد رفیق

وفاقی وزیرِ ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ روز ویلٹ ہوٹل نیویارک کی سٹی ایڈمنسٹریشن کو 3 سال کے لیے لیز پر دے دیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ روز ویلٹ ہوٹل لینڈ مارکنگ کے خطرے سے باہر نکل آیا، ہوٹل کو لیز پر دینے سے پاکستان کے خزانے میں پیسے آنے لگے ہیں، قیمتی ترین اثاثہ محفوظ کر کے کمائی والی جگہ بنا دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سخت پریشان تھے کیونکہ روز ویلٹ ہوٹل کی لینڈ مارکنگ کا خطرہ تھا، معاہدے کے تحت ہوٹل ملازمین کو فارغ کیا جائے گا، روز ویلٹ ہوٹل کے بکنے کی کہانیاں ختم ہو گئیں۔

سعد رفیق کا کہنا ہے کہ سب سے پہلے اسلام آباد ہوٹل کی آؤٹ سورسنگ کی جائے گی، کراچی، لاہور، اسلام آباد ایئر پورٹ کی آؤٹ سورسنگ کی جائے گی، تینوں ایئر پورٹس کی آؤٹ سورسنگ کے لیے آئی ایف سی سے معاہدہ ہوا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ روز ویلٹ ہوٹل کی لیز کے معاہدے سے 220 ملین ڈالرز کی آمدنی ہو گی، ہوٹل کے 1025 کمروں کو لیز پر دیا گیا ہے، دنیا کے بیشتر ایئر پورٹس آؤٹ سورس ہیں، پاکستان میں آؤٹ سورسنگ کا تجربہ کسی کو نہیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا ہے کہ ہوٹل کی عمر 100 سال سے زائد ہو گئی ہے، ہم نے قیمتی ترین قومی اثاثے کو محفوظ کر لیا، ملائیشیا کی عدالت نے قومی ایئر لائن پی آئی اے سے رجوع کیے بغیر کارروائی کی، پی آئی اے کا مؤقف لیا جاتا تو طیارہ روکنے کی ضرورت نہیں پڑتی، لاہور کے رن وے کی اپ گریڈیشن مکمل ہو چکی ہے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ سکھر ایئر پورٹ انٹرنیشل ایئر پورٹ بنے گا، ڈی آئی خان کا پرانا ایئر پورٹ رہے گا، وہاں نیا انٹرنیشنل ایئر پورٹ بنے گا، پی آئی اے کی حالت بدلنی پڑے گی، پرائیوٹ سیکٹر کو بیچ میں لانا پڑے گا، پی آئی اے میں کوئی بے روزگار نہیں ہو گا، حج آپریشن میں 65 ہزار عازمین کو پہنچائیں گے اور واپس لائیں گے، پی آئی اے پر کئی ارب روپے کے واجبات ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کا کوئی اور علاج تلاش کرنا ہے جس پر کام شروع کر دیا ہے، پی آئی اے کے لیے ٹرانزیکشن ایڈوائزر کی سیلیکشن کی جائے گی، ایڈوائزر بتائے گا کہ پی آئی اے کی ری اسٹرکچرنگ کیسے ہو گی، فی الحال لگتا ہے کہ 2 پی آئی اے بنانے پڑیں، ایک پی آئی اے پر واجبات شفٹ ہوں گے اور دوسرا واجبات کے بغیر، بغیر واجبات والے پی آئی اے میں پرائیوٹ انویسٹرز کو شامل کرنا پڑے گا۔

سعد رفیق نے یہ بھی کہا کہ پہلے سال روز ویلٹ ہوٹل کے کمرے کا کرایہ 202 ڈالرز ہو گا، دوسرے سال 205 اور تیسرے سال ہوٹل کے کمرے کا کرایہ 210 ڈالرز ہو گا، روز ویلٹ ہوٹل سے آمدنی شروع ہو گئی ہے، 18 دن میں 600 کمرے دے بھی دیے، اگلے 30 دن میں ہوٹل کے تمام کمرے نیویارک سٹی انتظامیہ کو دے دیں گے۔