روس : یوکرین کو ایف 16جنگی طیارے دینے سے امریکا کو خبردار کردیا

روس نے یوکرین کو ایف 16جنگی طیارے دینے سے امریکا کو خبردار کردیا۔

روس کے وزیرِ خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ یوکرین کو ایف 16 دینے کا مطلب روس اور نیٹو براہ راست جنگ ہوگی، جنگ میں روس نہیں دیکھے گا کہ ایف 16 نیوکلیئر ہتھیاروں سے لیس ہے یا نہیں۔

سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ ایف سولہ طیارے نیوکلیئر ہتھیار لےجانے کے حامل ہوتے ہیں، یوکرین کو ایف 16 دینے کا مطلب مغرب کی روس پر نیوکلیئر حملے کی دھمکی ہوگا۔

دوسری جانب لیتھوانیا میں 2 روزہ نیٹو سمٹ کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے طاقت اور زمین کے حصول کی ہوس میں یوکرین پر حملہ کر کے جنگ کا آغاز کردیا۔

امریکی صدر نے کہا کہ ان کا اندازہ تھا کہ ایسا کرنے سے نیٹو اتحاد ٹوٹ جائے گا لیکن وہ غلط سوچ رہے تھے، نیٹو اتحاد پہلے سے زیادہ مضبوط، متحد اور پرعزم ہے۔

واضح رہے کہ نیٹو کےدو روزہ سربراہی اجلاس کے بعد جاری ہونے والے اعلامیے میں جی سیون ممالک نے واضح کیا کہ روس کے خلاف فورس اور طویل فاصلے تک مار کرنے والا اسلحہ یوکرین کو ترجیحی بنیادوں پر دیا جائے گا۔