سعودی عرب آرامکو تیل کمپنی کے حصص کی اسٹاک مارکیٹ میں فروخت کا منصوبہ

ریاض: سعودی عرب کی جانب سے دنیا کی سب سے زیادہ منافع بخش تیل کمپنی آرامکو کے حصص کی اسٹاک مارکیٹ میں فروخت کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس ضمن میں کوئی بھی نیا معاہدہ حالیہ برسوں میں دنیا کے سب سے بڑے حصص کی فروخت میں سے ایک ہوگا۔

اس معاملے سے آگاہ ذرائع نے نام ظاہرنہ کرنےکی شرط پربتایا کہ سعودی عرب متعدد مشیروں کے ساتھ مل کر ریاض ایکسچینج کے ذریعے آرامکو کے نئے حصص کے قابل فروخت ہونے کا جائزہ لے رہا ہے اور حکام آنے والے ہفتوں میں اس بارے میں کوئی فیصلہ کرسکتے ہیں کہ آیا آگے بڑھنا ہے یانہیں۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جنوری 2021 میں کہا تھا کہ حکومت مستقبل میں سرکاری تیل کمپنی کے مزید حصص فروخت کرنے پر غور کرےگی، جس سے حاصل ہونے والی رقم مملکت کے خود مختار دولت فنڈ میں منتقل کی جائےگی۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ اگر حکومت پیشرفت کرتی ہے تو آرامکو کے دوسرے حصص کی پیشکش اسی سال میں ہوسکتی ہے، تاہم اس کے بارے میں کوئی حتمی وقت طے نہیں کیا گیا۔

اگر حکومت آرامکو کے صرف ایک فیصد حصص کی پیشکش بھی کرتی ہے تو اس سے سعودی عرب 20 ارب ڈالر سے زیادہ رقم جمع کرنے میں کامیاب ہوجائےگا، سعودی حکومت آرامکو کے تقریباً 90 فی صد حصص کی براہ راست مالک ہے جب کہ مزید 8 فیصد اس کے خودمختار دولت فنڈ کے پاس ہیں۔