وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی نائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز داؤد کی ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی نائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز داؤد نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔

وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق شہباز شریف نے گزشتہ سال سیلاب کے دوران امداد پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے سوڈان میں پھنسے پاکستانیوں کے انخلا میں تعاون پر سعودی حکومت سے اظہار تشکر کیا۔

شہباز شریف نے’’روڈ ٹو مکہ‘‘ پروجیکٹ میں پاکستان کو شامل کرنے پر سعودی حکومت کو سراہا۔

اعلامیہ میں بتایا گیا کہ ’’روڈ ٹو مکہ‘‘ پروجیکٹ اسلام آباد ایئرپورٹ سے حج پر جانے والے پاکستانیوں کو سہولتیں فراہم کرے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان معاہدے سے علاقائی امن و سلامتی کے فروغ میں مدد ملے گی۔

سعودی نائب وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات تاریخی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ اگلے سال سے لاہور اور پشاور تک بھی بڑھایا جائے گا۔