ڈویژنل لیول پر ٹرانسجینڈرز کیلئے سکول قائم کیے جائیں گے:مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ڈویژنل لیول پر ٹرانسجینڈرز کیلئے سکول قائم کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس میں سکول ایجوکیشن ریفارمز کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ درسی کتب کی فراہمی میں تاخیر قابل قبول نہیں۔

اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ مئی تک تمام سکولوں میں کتابیں مہیا کردی جائیں گی، آئندہ تعلیمی سال فروری میں درسی کتب فراہم کردی جائیں گی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ہر ضلع میں سی ای اوز ایجوکیشن کی تعیناتی کیلئے نیا میکانزم تیار کیا گیا ہے جس میں ٹیسٹ، انٹرویو اور کمپیوٹر ایجوکیشن کے امتحان کے بعد سلیکشن ہوگی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ سرکاری سکولوں میں اسپیشل بچوں کو تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں، ہر ضلع کے ایک سکول میں اسپیشل بچوں کیلئے تعلیم و تدریس کی سہولت مہیا کی جائے۔

اجلاس میں پنجاب میں سکول ہاکی لیگ اور پاکستان کا سب سے بڑا ’سکول اولمپکس‘ کرانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔