سیما حیدر پاکستان سے بھارت گئی مگر دھمکیاں ہمیں مل رہی ہیں: سینیٹر دنیش کمار

سیما حیدر اور انجو کا معاملہ مشترکہ ایوان میں بھی پہنچ گیا، سینیٹر دنیش کمار کا کہنا ہے کہ سیما حیدر پاکستان سے بھارت گئی مگر دھمکیاں ہمیں مل رہی ہیں۔

یہ بات سینیٹر دنیش کمار نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں کہی ہے۔

اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیرِ صدارت پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس مقررہ وقت سے 1 گھنٹہ 22 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔

اجلاس میں سینیٹر دنیش کمار نے کہا کہ سندھ کے ڈاکو ہمیں دھمکیاں دے رہے ہیں کہ سیما حیدر کو واپس لائیں، ڈاکو کہتے ہیں کہ واپس نہیں لا سکتے تو پھر آپ لوگ بھی بھارت چلے جائیں۔

انہوں نے بتایا کہ میرے پاس دھمکی آمیز ویڈیو بھجوائی گئی ہے، ہم پاکستان کے پرچم کا سفید حصہ ہیں، اس دھرتی کے لیے ہم نے بھی قربانیاں دی ہیں۔

سینیٹر دنیش کمار نے یہ بھی کہا کہ ریاست کا کام ہے کہ ہمیں تحفظ دیا جائے، سیما حیدر کو کیا ہم نے بھگایا تھا؟ یا انجو کو ہم نے بلایا ہے؟