مسجد کی زمین پر شاپنگ پلازہ قائم کرنے کا کیس،سینیٹر عبدالکریم کے بیٹے اسامہ عبدالکریم گرفتار

محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے مسجد کی زمین پر شاپنگ پلازہ قائم کرنے کے کیس میں مسلم لیگ ن کے سینیٹر عبدالکریم کے بیٹے اسامہ عبدالکریم کو حراست میں لے لیا۔

ترجمان محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے اسامہ عبدالکریم کو حراست میں لینے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اسامہ عبدالکریم نے مسجد کی زمین پر قبضہ کر کے شاپنگ پلازہ تعمیر کر رکھا تھا۔

ترجمان کے مطابق اسامہ عبدالکریم کے خلاف کرپشن کے مقدمے کے اندراج کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئی، اسامہ عبدالکریم کو ڈی جی خان سےگرفتار کیا گیا۔

اینٹی کرپشن پنجاب کے ترجمان کا بتانا ہے کہ اسامہ عبدالکریم کے خلاف متعدد دفعات کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے، محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب اسامہ عبدالکریم سے معاملے کی مزید تفتیش کرےگا، جامع تحقیقات کے بعد عدالت میں باضابطہ چلان پیش کرکے مزید کارروائی کی جائے گی۔