شاہ رخ خان کی مینجر نے قطر سے بھارتی بحریہ اہلکاروں کی رہائی سے متعلق گردشی خبروں کو مسترد کردیا

بالی ووڈ کے سُپر اسٹار شاہ رخ خان کی مینجر نے قطر سے رہا ہونے والے بھارتی بحریہ کے 8 اہلکاروں کی رہائی میں اداکار کے کردار سے متعلق گردشی خبروں کو مسترد کردیا۔

خیال رہے کہ بھارتی انتہا پسند جماعت بی جے پی کے رہنما اور راجیہ سبھاکے سابق رکن سبرامنیم سوامی نے دعویٰ کیا تھا کہ شاہ رخ خان نے قطر کے حکام کو اس بات پر راضی کیا کہ وہ 8 سزا یافتہ بھارتی بحریہ کے اہلکاروں کو رہا کریں۔

تاہم گزشتہ شام اداکار کی مینجر پوجا ڈاڈلانی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اسٹار شاہ رخ خان کے دفتر سے جاری ہونے والا پیغام شیئر کرتے ہوئے گردش ہونے والے تمام دعوؤں کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔

جاری کردہ پیغام کے مطابق قطر سے حال ہی میں رہا ہونے والے 8 بھارتی بحریہ کے اہلکاروں کی رہائی میں شاہ رخ خان کا کوئی عمل دخل نہیں ہے۔

شاہ رخ خان کی ٹیم مینیجر پوجا ڈاڈلانی کی جانب سے شیئر کئے گئے پیغام میں کہا گیا ہے کہ میڈیا میں جو خبریں گردش کر رہی ہیں کہ شاہ رخ خان نے 8 بھارتی نیول افسران کہ قطر سے رہائی میں مبینہ طور پر کردار ادا کیا ہے، شاہ رخ خان کے آفس کا (اس ضمن میں) کہنا ہے کہ ان کی کسی بھی قسم کی مداخلت کی قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں۔

پیغام میں کہا گیا ہے کہ یہ کام بھارتی حکام نے انجام دیا اور شاہ رخ خان اس میں کردار سے متعلق گردشی خبروں کو مسترد کرتے ہیں۔

مذکورہ پیغام میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ شاہ رخ خان بیشتر بھارتیوں کی طرح خوش ہیں کہ نیول افسران خیریت سے گھر واپس پہنچ گئے ہیں اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔