شیریں مزاری کی صاحبزادی، ایمان مزاری رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں

سابق وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری کی صاحبزادی، انسانی حقوق کی کارکن و وکیل ایمان مزاری رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔

اپنے خیالات کا بے باکی سے اظہار کرنے والی وکیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے نکاح کی تقریب سے تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنی شادی کا اعلان کیا۔

انسانی حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والی ایمان مزاری نے اپنے ہی پیشے سے وابستہ وکیل عبدالہادی کو اپنا شریک حیات منتخب کرلیا ان کے شوہر نے بھی سوشل میڈیا پر اہلیہ کی پوسٹ ری شیئر کردی۔

ایمان مزاری کے شوہر و انسانی حقوق کے کارکن وکیل عبدالہادی نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ میں نے اپنی زندگی کی محبت سے شادی کرلی ہے۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنے رشتے کو اٹوٹ اور زندگی بھر کا ساتھ قرار دیا اور اس کے ساتھ ہی دل والے ایموجی کا بھی اضافہ کیا۔

نکاح کے اس خاص موقع پر ایمان مزاری اور ان کے شوہر نے سفید رنگ کا انتخاب کیا۔ دلہن نے سفید کڑھائی والی جارجٹ کی ساڑھی اور دونوں کلائیوں میں سفید پھول جبکہ دولہا نے شلوار قمیص کے ساتھ ویسٹ کورٹ اور کلہ پہنا ہے۔

ایمان زینب مزاری کے شوہر عبدالہادی کون ہیں؟

عبدالہادی ، ایمان مزاری کی طرح پیشے سے انسانی حقوق کے وکیل ہیں جبکہ ان کے سوشل میڈیا اکاونٹ پر موجود تفصیلات کے مطابق عبد الہادی فیئر ٹرائل ڈیفنڈرز، ادارہ قانونی امدادی سیل کے بانی اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہیں،

یہ ادارہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے متاثرین، خاص طور پر جھوٹے یا من گھڑت مقدمات کا سامنا کرنے والوں کو مفت قانونی مدد فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے قانون کی ڈگری کے ساتھ نیو کیسل لا اسکول سے گریجویش کر رکھا ہے۔

واضح ایمان مزاری کی رخصتی اور شادی کی دیگر تفصیلات کے حوالے سے ابھی خبریں سامنے نہیں آئی ہیں۔