سندھ: 8 تعلیمی بورڈز میں چیئرمین کی انٹلیجنس کلیئرنس نہ کرانے کا فیصلہ

محکمہ بورڈز و جامعات نے سندھ کے 8 تعلیمی بورڈز میں چیئرمین کے عہدوں پر فوری تعیناتی کے لیے انٹلیجنس کلیئرنس نہ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ میڈیا پر ان تعیناتیوں پر نکتہ چینی اور معاملہ سندھ ہائی کورٹ میں جانے کے تناظر میں کیا گیا ہے۔

سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچرار ایسوسی ایشن (سپلا) نے ریٹائرڈ بیوروکریٹ، یونیورسٹیز کے گریڈ 21 کے پروفیسرز اور ایچ ای سی کے ملازم کی بطور چیئرمین تعیناتیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ان میں سے کسی کو بورڈ اور امتحانی امور کا کوئی تجربہ نہیں ہے۔

انہوں نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو سے ایکشن لینے کا مطالبہ کیا تھا۔

محکمۂ بورڈز و جامعات کے سیکریٹری عباس بلوچ کی جانب سے وزیرِ اعلیٰ سندھ کو ہنگامی طور پر بھیجی گئی سمری میں کہا گیا ہے کہ آئندہ ماہ اپریل سے نویں اور دسویں کے امتحانات شروع ہو رہے ہیں جبکہ تعلیمی بورڈز کو انتظامی چلینجز کا سامنا ہے اور اس وقت افسرز قائم مقام چیئرمین کے طور پر تعینات ہیں، چناچہ اس تناظر میں سیکیورٹی کلیئرنس کی چھوٹ دیدی جائے۔

واضح رہے کہ جامعات کے وائس چانسلرز کی طرح چیئرمین بورڈز کی بھی ملک کے 2 معروف اداروں آئی ایس آئی اور آئی بی سے کلیئرنس لی جاتی ہے۔

یاد رہے کہ ماضی میں ان 2 معتبر اداروں نے بعض امیدواروں کی سیکیورٹی کلیئرنس نہیں دی تھی جس کے بعد انہیں عہدوں پر تعینات نہیں کیا گیا۔

یہ بھی یاد رہے کہ گزشتہ 4 برس سے سندھ کے کسی بھی بورڈ میں مستقل چیئرمین، کنٹرولر، سیکریٹری اور آڈٹ افسران نہیں ہیں مگر اس کے باوجود بھی امتحانات اور نتائج کا سلسلہ جاری رہا ہے۔