سندھ حکومت کا سرکاری اسپتالوں کے طبی عملےکو کورونا رسک الاؤنس دینے سے انکار

سندھ حکومت نے دھرنے پر بیٹھے سرکاری اسپتالوں کے طبی عملےکو کورونا رسک الاؤنس دینے سے انکار کردیا۔

کراچی میں صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ اورگرینڈ ہیلتھ الائنس کے درمیان مذاکرات ہوئے جس کے بعد ناصر حسین شاہ پریس کلب پر گرینڈ ہیلتھ الائنس کے دھرنے میں پہنچ گئے۔

اس موقع پر ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ مظاہرین ہمارے اپنے ہیں، ہمارے ساتھ رہیں گے، مظاہرین سے گزارش ہےکہ مذاکرات ہوگئے ہیں احتجاج ختم کردیں، حکومتی کمیٹی اور جی ایچ اے کے درمیان مذاکرات ہوئے ہیں۔

ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں کورونا رسک الاؤنس نہ دینا کا فیصلہ کیا ہے، بلاول بھٹو اور وزیراعلیٰ سندھ سے بات چیت کی گئی ہے،جائز مطالبات ضرور مانے جائیں گے، اگر تنخواہوں اور الاؤنس میں کوئی فرق ہے تو اسے پورا کیا جائےگا۔

ناصر حسین شاہ کے جاتے ہی مظاہرین دوبارہ دھرنے میں بیٹھ گئے، نرسنگ پیرامیڈیکل اور لیڈی ہیلتھ ورکرز نے مطالبات کے حق میں نوٹیفکیشن کے اجراء تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا۔