سندھ سیکرٹریٹ پر احتجاج کے دوران گرفتار کئے گئے زیادہ تر افراد کو رہا کر دیا گیا:شرجیل انعام میمن

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ گرینڈ ہیلتھ الائنس (جی ایچ اے) کے گرفتار مظاہرین میں زیادہ تر کو رہا کر دیا گیا ہے تاہم ان مظاہرین کو رہا نہیں کیا گیا، جو ہنگامہ آرائی میں ملوث ہیں اور زبردستی اسپتال بند کروا رہے تھے۔

گرینڈ ہیلتھ الائنس کی جانب سے کرونا رسک الاؤنس کی بحالی کیلئے کراچی میں سندھ سیکرٹریٹ پر احتجاج کے دوران گرفتار کئے گئے زیادہ تر افراد کو رہا کر دیا گیا۔

ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق 30 خواتین اور50 مرد اب بھی پولیس کی تحویل میں ہیں، مقدمے میں نامزد دیگر افراد کو بھی گرفتار کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گرینڈ ہیلتھ الائنس کی جانب سے کورونا رسک الاؤنس نہ ملنے پر گزشتہ چار روز سے کراچی میں احتجاج کیا جا رہا تھا۔

گزشتہ رو مظاہرین نے سندھ سیکرٹریٹ کے مرکزی گیٹ پر احتجاج کرتے ہوئے وزیراعلی ہاؤس کی طرف مارچ شروع کیا، پولیس کی بھاری نفری نے ضیا الدین احمد روڈ پر مظاہرین کو روک دیا۔

سندھ حکومت کی جانب سے مظاہرین سے مذاکرات کیلئے چار رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی تاہم مظاہرین نے کمیٹی سے مذاکرات کے بجائے فوری طور پر رسک الاؤنس کی بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا مطالبہ کیا اور ایک بار پھر سندھ سیکرٹریٹ کی طرف مارچ شروع کیا۔

اس موقع پرپولیس کی جانب واٹر کینن اور لاٹھی چارج کا استعمال کرتے ہوئے مظاہرین کی گرفتاریاں شروع کردی گئی تھیں۔