جنوبی کوریا کا کم جونگ اُن کی خرابیٔ صحت سے متعلق بڑا دعویٰ

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی کوریا کی انٹیلی جنس ایجنسی نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نیند کی خرابی اور ممکنہ طور پر شراب اور نکوٹین کی عادت میں مبتلا ہو سکتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق شمالی کوریا کے حکام نیند کی خرابی کی بیماری کے شکار اعلیٰ عہدے داروں کے لیے بیرون ملک طبی معلومات اکٹھا کر رہے ہیں جن میں اس کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی ادویات کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق جنوبی کوریا کی حکمران جماعت پیپلز پاور پارٹی کے رکن یو سانگ نے نیشنل انٹیلی جنس سروس کی بریفنگ کی تفصیلات میڈیا سے شیئر کیں۔

انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا نے حال ہی میں کئی برانڈز کی بڑی تعداد میں غیرملکی سگریٹس اور شراب کے ساتھ پیش کیے جانے والے اعلیٰ قسم کے اسنیکس درآمد کیے ہیں۔

انہوں نے کم جونگ اُن کی تصویروں کا مصنوعی ذہانت کے ذریعے حاصل ہونے والے تجزیے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ کم جونگ کا وزن بھی بڑھ گیا ہے اور میرے مطابق شمالی کوریا کے رہنما کا وزن 140 کلو گرام سے زیادہ ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق یو سانگ نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ کم جونگ شراب اور تمباکو نوشی کے عادی ہوچکے ہیں جس سے نیند کی خرابی کی بیماری کے امکانات بڑھ جاتے ہیں، وہ 16 مئی کو آنکھوں کے گرد واضح سیاہ حلقوں کے ساتھ تھکے ہوئے نظر آئے اور وہ علاج کے لیے دوائیں بھی استعمال کر رہے ہیں۔