خصوصی عدالتیں 9 مئی واقعات کا ٹرائل کریں:میاں جاوید لطیف

وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ خصوصی عدالتیں 9 مئی واقعات کا ٹرائل کریں۔

قومی اسمبلی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ بتایا جائے کہ کیا تمام ادارے اے پولیٹیکل ہو گئے ہیں، آج کہا جارہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات میں ایجنسیاں ملوث تھیں، گرفتاری کی صورت میں ردعمل کی ایک سال سے تیاری کی جا رہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ جو نقصان ہوا ہے وہ ان کی توقع سے کم ہوا ہے، آج ایک پیج پھٹ جانے کے باوجود اسے کوئی ہاتھ نہیں لگا سکتا ہے، آج اگر ایک ادارہ اے پولیٹیکل ہو گیا ہے تو دوسرا ادارہ کیوں نہیں ہو رہا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ کیا کبھی ہوا کہ ڈاکوؤں کا سربراہ خود ہر جگہ ڈاکہ مارنے جاتا ہے، فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والے تو مجرم ٹھہرے، حملہ کروانے والا کیسے مجرم نہیں ہو گا۔

جاوید لطیف نے کہا کہ مجھے پوچھا جاتا ہے کہ نواز شریف واپس کیوں نہیں آ رہے، عمر عطا بندیال اور چھوٹی عدالتوں کے فیصلوں کے بعد نواز شریف کیسے آجائیں، کیا اب بھی ان کے واپس آنے کا سوال بنتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ آج اسے عمارات جلانے کے بعد بھی کہا جاتا ہے جاؤ، بتایا جائے فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو پھر کیوں چھوڑا جا رہا ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ آج مرشد کو سفید چادروں میں لپیٹ کر عدالت لے جایا گیا تو باقی عورتیں نہیں تھیں، یہ آج بھی کچھ قوتوں کا آلہ کار ہے جسے یہ رعایات مل رہی ہیں، یہ دہشت گرد ہے اس سے مذاکرات کسی صورت نہیں ہونے چاہئیں۔