استحکام پاکستان پارٹی نے تعلیم اور نوجوانوں سے متعلق منشور کے نکات کا اعلان کر دیا

استحکام پاکستان پارٹی منشور میں صحت مند نوجوان۔صحت مند قوم کے نکات سامنے لے آیا۔

تفصیلات کے مطابق صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے اپنے بیان میں کہا کہ تعلیمی اداروں میں پینے کا صاف پانی اور صحت مند ماحول فراہم کیا جائے گا، ہر اسکول میں واٹر فلٹریشن پلانٹ، بچوں کا ماہانہ میڈیکل چیک اپ ہو گا، یوتھ انوسٹمنٹ اولین ترجیح، ہنرمند تعلیم کو فروغ دیں گے۔

صدر استحکام پاکستان پارٹی نے کہا کہ حکومت طلبہ و طالبات کو ہر شعبے میں اعلیٰ تعلیم کے لیے خصوصی اسکالر شپ دے گی، استحکام پاکستان پارٹی طالبات کے لئے خصوصی تعلیمی مراعات متعارف کرائے گی، اقتدار میں آکر نوجوانوں کو مربوط انداز میں قومی دھارے میں شامل کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کا صحت مند نوجوان ہی ملک و قوم کے محفوظ مستقبل کا ضامن ہو سکتا ہے، نوجوان نسل ذمہ دارانہ کردار ادا کرے گی تو ملک تیزی سے سنورے گا۔