سپر اسٹار اجیت کمار کار ریس کے دوران بڑے حادثےمیں زخمی

تامل فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار اجیت کمار آج اسپین میں ایک کار ریس کے دوران بڑے حادثےمیں زخمی ہوگئے۔

جنوبی بھارتی میڈیا کے مطابق اجیت اسپین کے شہر ویلینسیا میں ہونے والی ہائی اسپیڈ کار ریسنگ میں شامل تھے جہاں 2 کاریں آپس میں ٹکرا گئیں جن میں سے ایک میں اجیت تھے اور وہ اس حادثے میں ایک مرتبہ پھر بال بال بچ گئے۔

54 سالہ اجیت کمار کے منیجر سوریش چندرہ نے یہ خبر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے۔

ایکس پر اس حادثے کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں اجیت کی کار کو دوسری کار سے کریش ہوکر اُلٹتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

ان کے منیجر چندرا نے ایکس پر پیغام میں بتایا کہ اجیت کمار بالکل ٹھیک ہیں اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرنے والوں کے وہ شکر گزار ہیں۔

یاد رہے کہ اجیت کمار اب سے کچھ دن قبل بھی ریسنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوکر زخمی ہوگئے تھے، اجیت کمار ریسنگ کے اونر ہیں اور وہ پورشے اسپرنٹ چیلنج: ساؤتھ یورپ کومپیٹیشن میں شریک تھے۔