تارک مہتا کا الٹا چشمہ،پروڈیوسر کے خلاف جنسی ہراسگی کا مقدمہ درج

مشہور بھارتی سِٹ کام ’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘ کے پروڈیوسر کے خلاف جنسی ہراسگی کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، ’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘ کی کاسٹ میں شامل ایک اداکارہ کی شکایت پر ممبئی پولیس نے پروڈیوسر آست کمار مودی کے خلاف انڈین پینل کوڈ (آئی پی سی) کی دفعہ 354 اور 509 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

رپورٹ کے مطابق، اداکارہ نے ڈرامے کے پروڈیوسر آست کمار مودی، پروجیکٹ ہیڈ سہیل رامانی اور ایگزیکٹو پروڈیوسر جیتن بجاج پر شوٹنگ کے دوران جنسی ہراسگی اور ذہنی اذیت پہنچانے کے الزامات عائد کیے ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یہ الزامات عائد کرنے والی اداکارہ 15 سال قبل ہی ڈرامے کی کاسٹ سے علیحدہ ہوگئی تھیں۔