سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز ، پاکستان ٹیم کی ٹریننگ جاری

سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کےلیے پاکستان ٹیم کی ٹریننگ جاری ہے۔ کھلاڑیوں کی وکٹوں کے درمیان دوڑنے کی بھی خاص مشق کروائی گئی، فاسٹ بولر حسن علی نے بھی کیمپ جوائن کر لیا۔

نیشنل اسٹیڈیم میں جاری قومی کرکٹ ٹیم کے ٹریننگ کیمپ میں تیسرے روز بھی کھلاڑیوں کی بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی بھرپور پریکٹس جاری رہی۔

کیمپ میں تیسرے دن تمام 18 کھلاڑی پریکٹس میں شریک ہوئے، کوچز نے کھلاڑیوں کی وکٹوں کے درمیان رننگ کو بہتر بنانے کےلیے بھی خاص ٹریننگ کروائی۔

پاکستان ٹیم جمعے کی صبح 9 سے 12 تک صرف ایک سیشن میں پریکٹس کرے گی۔ شام میں کچھ کھلاڑی حارث رؤف کی شادی کی تقریب میں شرکت کےلیے اسلام آباد جائیں گے جبکہ بعض کھلاڑی کراچی میں سابق کپتان شاہد آفریدی کی بیٹی کی شادی میں شرکت کریں گے۔

اسلام آباد جانے والے کھلاڑی ہفتے کی دوپہر تک واپس کراچی پہنچیں گے، پاکستان ٹیم ہفتے کی رات براستہ دبئی کولمبو روانہ ہوگی۔