وائرل گانے ’بدو بدی‘ کی اداکارہ نے چاہت فتح علی کے پول کھول دیے

پاکستان سمیت دیگر ممالک میں وائرل ہونے والے گانے ’اکھ لڑی بدو بدی‘ کی اداکارہ نے آخر کار اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں پر خاموشی توڑ دی۔

واضح رہے کہ خود ساختہ گلوکار، چاہت فتح علی خان کی جانب سے گایا گیا مزاحیہ گانا ’بدو بدی‘ گزشتہ ماہ یوٹیوب پر اپلوڈ کیا گیا تھا۔

اس غیر سنجیدہ گانے پر غیر یقینی طور پر 21 ملین سے زائد ویوز آ چکے ہیں جبکہ یہ گانا سوشل میڈیا کے متعدد پلیٹ فامرز پر خوب وائرل ہے۔

اس پر ناصرف پاکستانی بلکہ غیر ملکی فنکار بھی ریلز بنا رہے ہیں۔

اس گانے کی ویڈیو میں چاہت فتح علی خان اور ماڈل و اداکارہ وجدان راؤ نے کام کیا تھا۔

گانے کی ریلیز کے بعد وجدان راؤ پر کڑی تنقید کی گئی تھی جس میں صارفین کا کہنا تھا کہ اس اداکارہ کی کیا مجبوری تھی جو انہوں نے اپنے دادا کے عمر کے گلوکار کے ساتھ ایک مزاحیہ گانے میں کام کیا۔

اداکارہ وجدان راؤ وائرل ہونے کے بعد متعدد پلیٹ فارمز پر انٹرویوز دے چکی ہیں جن میں انہوں نے اپنے ساتھ ناانصافی ہونے کا انکشاف کیا ہے۔

گزشتہ ہفتے وجدان راؤ نے ایک نجی ٹی وی پر دیے گئے اپنے بیان میں کہا تھا کہ چاہت فتح علی خان کے ساتھ کام کرنا اِن کی زندگی کی سب سے بڑی غلطی تھی۔

اب حال ہی میں وجدان راؤ نے ڈیجیٹل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ناراضی کا اظہار کیا ہے، وجدان کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ کبھی کسی دوسری ویڈیو میں چاہت فتح علی خان کے ساتھ کام نہیں کریں گی۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ چاہت فتح علی خان اور اِن کے درمیان گانے کی کمائی نصف نصف تقسیم کرنے کی بات ہوئی تھی لیکن گلوکار نے ایسا نہیں کیا، اُنہیں صرف 4 چار ہزار روپے کی ادائیگی کی گئی اور کہا گیا کہ ایک ہزار روپے کا کھانا کھا لینا۔

اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ گانے میں دونوں کی برابر محنت تھی اسی وجہ سے یہ مزاحیہ گانا اتنا ہٹ ہوا مگر اب چاہت فتح علی خان گانے کے مشہور ہونے کا سارا کریڈٹ خود لیے جا رہے ہیں۔