نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ جڑانوالہ میں علماء کا مسیحی بھائیوں کی عبادت کیلئے مساجد کھولنے کا اعلان اچھا پیغام ہے ، 20 لاکھ روپے کے امدادی چیک 72گھنٹے میں سانحہ جڑانوالہ کے متاثرین کے پاس ہونگے، انہوں نے کہا کہ ابھی میری امن کمیٹی کے ساتھ ملاقات ہوئی ہے جس میں ہمارے مذہبی رہنماؤں نے بہت اچھا پیغام دیا ہے۔مشکل وقت میں اپنے مسیحی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور امن کمیٹی اس سانحہ کے برے اثرات کو پیار اور محبت کے ساتھ دور کرے گی۔
انہوں نے کہا ہے کہ اگر مسیحی بھائیوں کے پاس عبادت کرنے کیلئے جگہ نہیں ہے تو ان کیلئے ہماری مساجد کھلی ہیں وہاں پر آکر وہ اپنی عبادت کرسکتے ہیں۔
اتوار کو جڑانوالہ میں امن کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج ہم نے چرچ میں کیبنٹ میٹنگ کی ہے اور اس اجلاس میں متفقہ طور پر طے پایا کہ سانحہ جڑانوالہ میں مسیحی برادری کے جو گھر جلے اور تباہ ہوئے ہیں ان کے رہائشیوں کو بیس بیس لاکھ روپے امداد مہیا کی جائے گی اور امدادی رقوم کے یہ چیک اگلے 72گھنٹے میں متاثرین کے پاس ہوں گے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میرے خیال میں امن کمیٹی نے ایک بہت اچھا میسج دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جڑانوالہ کا واقعہ ایک بہت بڑا سانحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن کمیٹی نے مسیحیوں کا ساتھ دینے کااعلان کیا تھا اور اب وہ اپنے مسیحی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔