راکھی ساونت اور گلوکار میکا سنگھ کے درمیان مقدمہ بالآخر اپنے انجام کو پہنچ گیا

بالی ووڈ کی متنازع اداکارہ اور رقاصہ راکھی ساونت اور گلوکار میکا سنگھ کے درمیان 2006 سے جاری مبینہ طور پر زبردستی بوسہ لینے کا مقدمہ بالآخر اپنے انجام کو پہنچ گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گلوکار میکا سنگھ نے راکھی ساونت کی جانب سے درج کرائی گئی ایف آئی آر منسوخ کرانے کے لیے ممبئی ہائی کورٹ سے رجوع کیا تو راکھی ساونت نے خود ہی 17 سال بعد کیس واپس لے لیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق راکھی ساونت اور ان کے وکیل نے 15 جون کو اس مقدمے میں ایک حلف نامہ جمع کروایا کہ میکا سنگھ اور ان کے درمیان معاملات مفاہمت سے حل ہوگئے ہیں۔ بعدازاں ممبئی ہائی کورٹ نے بھی گلوکار میکا سنگھ کے خلاف اداکارہ راکھی ساونت کا مبینہ طور پر زبردستی بوسہ لینے کا مقدمہ ختم کر دیا ہے۔

اس حوالے سے میڈیا سے بات کرتے ہوئے راکھی ساونت نے کہا کہ ’میکا سنگھ اب میرا خیر خواہ بن گیا ہے، ابھی وہ میرا دوست ہے۔ اس نے مجھے کال کرکے مجھ سے بہت اچھی بات کی اور کہا کہ کتنے دن لڑتے رہیں گے؟ میں لوگوں سے جھگڑے کا بوجھ لے کر مرنا نہیں چاہتی۔ ابھی زندگی میں مجھے اور آگے جانا ہے‘۔

واضح رہے کہ بھارتی گلوکار میکا سنگھ نے 2006 میں راکھی ساونت کی سالگرہ کی پارٹی میں مبینہ طور پر میڈیا کے سامنے زبردستی بوسہ دینے کی کوشش کی تھی، جس کے بعد راکھی ساونت نے گلوکار کیخلاف مقدمہ درج کرادیا تھا۔