ورلڈ کپ کےلیے قومی اسکواڈ کے اعلان کےلیے مشاورت مکمل

ورلڈ کپ کےلیے قومی اسکواڈ کے اعلان کےلیے مشاورت مکمل کرلی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کپتان بابر اعظم اور سلیکشن کمیٹی نے ابتدائی مشاورت مکمل کرلی ہے۔

فٹنس مسائل کا سامنا کرنے والے کھلاڑیوں کے متبادل ناموں پر غور ہوا ہے جہاں ایشیاکپ 2023 کے اسکواڈ میں زیادہ تبدیلیاں نہ کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ اسپنر ابرار احمد کے نام پر بھی غور کیا جارہا ہے۔

سلیکشن کمیٹی کے سربراہ انضمام الحق اور قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کل چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف سے ملاقات کریں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ چیئرمین ذکاء اشرف سابق کپتانوں اور کرکٹرز سے بھی مشاورت کا ارادہ رکھتے ہیں۔ مشاورت مکمل ہونے پر ورلڈکپ اسکواڈ کا اعلان دو سے تین روز میں کیا جائے گا۔