پاکستانی کرکٹ ٹیم کی مسلسل خراب کارکردگی ،کرکٹ کی مقبولیت کم ہورہی ہے

پاکستانی کرکٹ ٹیم کی مسلسل خراب کارکردگی کے سبب ملک کا سب سے مقبول کھیل تاریخ کے مشکل ترین دور سے گذر رہا ہے ۔ ملک میں کرکٹ کی مقبولیت کم ہورہی ہے۔

مایوس شائقین کا کہنا ہے کہ انہوں نے دلبرداشتہ ہوکر کرکٹ میچ دیکھنا چھوڑدیے ہیں۔ جنگ کی تحقیق کے مطابق شائقین پاکستان کی شکستوں سے مایوس ہوکر اب کرکٹ کے بارے میں کم بات کرتے ہیں ۔

بنگلہ دیش کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد ماہرین کا خیال ہے کہ پاکستان کرکٹ اس وقت کم درجے پر پہنچ گئی ہے۔

ماضی میں ورلڈ کپ جیسے بڑے ٹائٹل جیتنے اور بڑی ٹیموں کو ہوم گرائونڈ اور بیرون ملک پر زیر کرنے والی پاکستانی ٹیم گذشتہ تین سال سے ہوم گرائونڈ پر کوئی ٹیسٹ میچ نہیں جیت سکی ہے۔

ایشیا کپ ، ون ڈے ورلڈ کپ، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم شائقین کی توقعات پورا کرنے میں ناکام رہی۔

گذشتہ ایک سال میں تینوں فارمیٹ میں پاکستان کو افغانستان، بنگلہ دیش، آئر لینڈ جیسی ٹیموں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ سابق کپتان ، پی سی بی کے سابق چیئرمین اور مشہور مبصر رمیز راجا نے کہا ہے کہ پاکستان کے ہارنے سے مجھے بھی چوٹ لگی ہے۔