قیمتی بیگ کا تنازع، خاتون اول اور ان کے شوہرکے لیے پریشانی کا باعث بن گیا

جنوبی کوریا میں قیمتی بیگ کا تنازع خاتون اول، ان کے شوہر اور پارٹی کے لیے پریشانی کا باعث بن گیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ برس کے آخر میں ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں ایک پادری کو خاتون اول کِم کیون ہی کو قیمتی بیگ پیش کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق اس تنازع پر مقامی میڈیا میں بھی کافی بحث و مباحثہ ہوا تھا، ویڈیو میں واضح طور پر خاتون اول کو تحفہ قبول کرتے ہوئے نہیں دیکھا گیا تھا لیکن صدارتی دفتر نے اس معاملے کی تصدیق کی تھی جس کے بعد شہریوں میں عدم اطمینان دیکھا گیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق کِم کیون ہی کی جانب سے مبینہ طور پر اس بیگ کو قبول کرنے کے معاملے پر صدر یون سک یول اور حکمراں جماعت پیپلز پاور پارٹی (پی پی پی) کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق یہ تنازع اپریل میں شیڈول انتخابات میں صدر یون سک یول کی پارٹی کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق حالیہ سروے سے پتہ چلتا ہے کہ 69 فیصد ووٹرز اس معاملے پر صدر یون سے ان کی اہلیہ کے عمل کے بارے میں وضاحت چاہتے ہیں جب کہ دسمبر میں ہونے والے ایک سروے نے اشارہ دیا تھا کہ 53 فیصد افراد خاتون اول کے رویے کو نامناسب سمجھتے ہیں۔