عدالت نے میاں محمود الرشید کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا

عمران خان کی گرفتاری پر جلاؤ گھیراؤ اور املاک کو نقصان پہچانے کے معاملہ پر عدالت نے میاں محمود الرشید کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا۔

پی ٹی آئی رہنما میاں محمود الرشید کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کی ایڈمن جج کے روبرو سماعت ہوئی۔

عدالت نے سوال کیا کہ محمودالرشید پر کیا الزام ہے؟ تفتیشی افسر نے بتایا کہ محمود الرشید نے فائرنگ کی جس سے ایک وکیل جاں بحق ہوا۔

تفتیشی افسر نے مؤقف اختیار کیا کہ میاں محمود الرشید کی فائرنگ سے کچھ افراد زخمی ہوئے ہیں، ہمیں ریکوری کرنی ہے۔

وکیل میاں محمود الرشید نے کہا کہ کوئی ایسا ویڈیو کلپ سامنے نہیں آیا جس میں میاں محمودالرشید نے اسلحہ پکڑا ہوا ہو۔

کور کمانڈر لاہور کے گھر کے باہر فائرنگ کی ویڈیو عدالت میں چلائی گئی جس پر عدالت نے سوال کیا کہ یہ ویڈیو کس نے بنائی؟

میاں محمود الرشید نے کہا کہ میں کور کمانڈر کے گھر کے قریب چوک پر تھا، آگے سڑک بلاک تھی تو میں واپس آگیا لیکن کور کمانڈر کے گھر نہیں گیا۔

واضح رہے کہ میاں محمود الرشید اور دیگر پر جناح ہاؤس پر حملہ کرنے اور جلاؤ گھیراؤ کا الزام ہے۔