لبنان میں خبر ایجنسی کے ویڈیو گرافر کی ہلاکت فلسطین اسرائیل تنازع پھیلنے کا خطرہ ظاہر کرتی ہے:انتونیو گوتریس

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ لبنان میں خبر ایجنسی کے ویڈیو گرافر کی ہلاکت فلسطین اسرائیل تنازع پھیلنے کا خطرہ ظاہر کرتی ہے۔

انتونیو گوتریس نے اسرائیل فلسطین کشیدگی میں مرنے والے صحافیوں کے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا ہے۔

انتونیو گوتریس نے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جاری کشیدگی سے متعلق اپنے بیان میں کہا ہے کہ بڑی تعداد میں اپنی جانوں کی قیمت ادا کرنے والے صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ صحافی دنیا کے ہر فرد تک سچائی پہنچانے کے لیےکام کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا تھا کہ اسرائیل کا غزہ سے فلسطینیوں کے انخلاء کا حکم خطرناک اور تشویشناک ہے۔

انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ انتہائی مختصر نوٹس پر بڑے پیمانے پر انخلاء کے تباہ کن انسانی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں، انخلاء کا حکم کم از کم 11 لاکھ فلسطینیوں پر لاگو ہو گا۔

انتونیو گوتریس نے کہا کہ متاثرہ علاقے پہلے ہی اسرائیلی محاصرے اور بمباری کی زد میں ہیں، متاثرہ فلسطینی علاقے ایندھن، بجلی، پانی اور خوراک سے بھی محروم ہیں۔